ممبئی :28/ جنوری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)لوک سبھا انتخابات سے پہلے مہاراشٹر میں بی جے پی اور شیو سینا کے درمیان کوبڑا بھائی ثابت کرنے کی جنگ چھڑی ہے۔مہاراشٹر میں پیر کے روز شیو سینا کی ہوئی میٹنگ سے واضح اشارہ ہے کہ شیو سینا اپنی بات سے پیچھے ہٹنے کے لئے تیار نہیں ہے۔شیو سینا کے ایم پی سنجے راوت نے کہا کہ مہاراشٹر میں شیو سینا بڑے بھائی کا کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بی جے پی کا 50-50 فارمولا منظور نہیں۔میٹنگ میں شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے اپنے ممبران پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ رافیل طیارے کے معاملات کواٹھاتے رہیں۔ٹھاکرے نے اپنے ممبران پارلیمنٹ کو کہاہے کہ وہ رافیل ڈیل کے لئے پارلیمنٹ میں جے پی سی کے مطالبہ کو برقرار رکھیں۔ آپ کو بتادیں کہ پیر کوہی یہ بات سامنے آئی تھی بھارتی جنتا پارٹی اور شیو سینا کے درمیان اتحاد بنتانظرآرہاہے۔بی جے پی شیو سیناکو 23نشستیں دینے کے لئے تیار ہے، جبکہ شیو سینا 24نشستیں لینے کے لئے بضد ہیں۔میٹنگ کے بعد شیوسینا ایم پی سنجے راوت نے کہا کہ ہمارے پاس 50-50فارمولا کی کوئی معلومات نہیں ہے،ہمارے پاس ایسی تجویز نہیں ہے، اور نہ ہی ہم ایسی تجویز پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صرف مہاراشٹر میں شیو سینا بڑے بھائی کا کردار ادا کرے گا۔راوت نے کہا کہ ہم مکمل طور پر لڑنے کے لئے تیار ہیں، ہم یہاں بڑے بھائی ہیں اور اس طرح ملک کی ریاست کی سیاست کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکر نے مطالبہ کیا ہے کہ ان لوگوں کو جن کی آمدنی 8لاکھ روپے فی سال ہو،انہیں ٹیکس کی چھوٹ دی جائے۔واضح رہے کہ مہاراشٹر میں 48نشستوں پر شیو سینا، بی جے پی اور علاقائی جماعتوں نے 2014لوک سبھا انتخابات مشترکہ طور پر لڑاتھا،تب شیو سینا 20اور بی جے پی نے 24نشستوں پر لڑاتھا۔اس میں شیوسینا نے 18جیتی اور بی جے پی نے 23نشستیں حاصل کیں لیکن اس کے بعد سے دونوں جماعتوں کے درمیان تعلقات خراب ہو چکے ہیں۔شیو سینا نے پہلے سے ہی اعلان کیا ہے کہ یہ صرف 2019کاانتخابات تنہالڑے گی، جبکہ امت شاہ کی طرف سے یہ بیان سامنے آیا ہے کہ اگر اتحادیوں کے ساتھ نہیں آتے تو وہ ان کو شکست دینے کے لئے لڑیں گے۔